ہماری ترجیح: بیماری سے بچائو

علاج وادویات کی غیر موجودگی میں ، کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میںتشخیص( ٹیسٹنگ ) کا بہت اہم کردار ہے۔تشخیص سے متاثر ہ افرادکو معلوم ہوتا ہے کہ وہ اس بیماری کا شکار ہوچکے ہیں۔ اس سے مریضوں کوبروقت علاج واحتیاط کرنے میں مدد ملتی ہے اور انہیں دیگر افراد کو اس وائرس سے بچانے کے اقدامات کرنے میںسہولت ہوتی ہے۔ وہ افراد جنہیں اپنی بیماری کا معلوم ہی نہیں ، ضروری نہیں کہ وہ گھر وں میں رہیں ،وہ اپنے گھر والوں کو بھی متاثر کرسکتے ہیں اوراسی طرح وہ دیگر افرادکے لئے بھی خطرہ بنے رہتے ہیں۔ تشخیص سے بیماری کے پھیلائو کا پتہ چلتا ہے اور ثبوت کی بنیاد پر اس بیماری کے پھیلائو کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے میں آسانی ہوتی ہے۔یہ بہت اہم ہے کہ ہم تشخیص (ٹیسٹنگ)،علیحدگی( آئسولیشن) اور مریض سے ملنے والوںکی نشاندہی سے متعلق کوششوں کو تیز کریں۔ جن کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئیں انہیںلازمی طورپر علیحدہ کریں اور ان سے ملنے والوں کی نشاندہی کریں۔

ہماری ترجیح: طبی عملہ کی استعداد کو بڑھانا

اپنے کام کی نوعیت کے اعتبار سے ، طبی عملہ کسی بھی متعدی بیماری بشمول COVID-19جیسی وبائی بیماری سے سب سے زیادہ خطرے میں ہوتا ہے۔طبی امورپر مامور افراد دیر تک مریض کے ساتھ رہتے ہوئے زیادہ خطرے والے کام انجام دیتے ہیں۔ اس لیے اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ انہیںماسک، گلوزاور گائون جیسے پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ (PPE)سے لیس کیا جائے تاکہ COVID-19جیسی متعدی بیماریوں سے نرسز اور ڈاکٹرز کو محفوظ بنانے میں مدد ملے۔طبی عملہ کی حفاظت کو یقینی بنانے سے مریضوں کی دیکھ بھال کے امور جاری رکھے جاسکیں گے۔طبی عملہ میں اس وائرس کا پھیلائو یقینی طورپر ہسپتالوں کی تباہی کا سبب ہوگا۔

ہماری ترجیح: علاج معالجہ کو یقینی بنانا

یہ حقیقت ہے کہ علاج معالجہ کی موجودہ سہولیات اس بحران سے نبرد آزما ہونے کے لیے ناکافی اور زیر دبائو ہیں۔ایسی صورت میں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ ادویات، ریسپائریٹرز اور سینیٹیشن مٹیریل کی مناسب فراہمی کو یقین بناتے ہوئے علاج معالجہ کی سہولیات کو پورا کیا جائے۔

ہماری ترجیح: ضروریات زندگی اور روزگار کی فراہمی

اس لاک ڈاون میں معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔ جس کے باعث عوام کی اکثریت غربت کی لکیر سے بھی نیچے چلی گئی ہے جبکہ دہاڑی دار طبقہ اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ہم ضروریات زندگی اور روزگا ر کی فراہمی کے ذریعے اس وبائی صورتحال میں ان کی مدد کواپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔